بلدیاتی نظام میں تبدیلی، وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس طلب


اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیرصدارت بلدیاتی نظام میں تبدیلی کے لیے اہم اجلاس طلب کرلیا گیا۔

وزیراعظم سیکریٹریٹ میں اتوار کے روز اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں پارلیمنٹیرینز سمیت سرکاری افسران بھی شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق بلدیاتی نظام میں تبدیلی کے حوالے سے طلب کیے گئے اجلاس میں موجودہ بلدیاتی نظام پر غور کیا جائے گا جبکہ بلدیاتی نظام میں اہم تبدیلیوں کے حوالے سے ٹاسک فورس یا کمیٹی قائم کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز وزیراعظم نے بلدیاتی نظام فوری طور پر تبدیل کرنے کی ہدایت کی تھی اور ساتھ ہی پنجاب میں جاری اورنج لائن ٹرین سمیت دیگر تمام ترقیاتی منصوبوں کا آڈٹ کرانے کا حکم بھی دیا تھا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ صاف پانی کی فراہمی، تعلیم اور صحت و صفائی سمیت تمام شعبوں میں تبدیلی چاہتے ہیں۔

لاہور میں ہفتے کے روز ہونے والے کابینہ اجلاس میں عمران خان کو پولیس کے نظام میں ریفارمز لانے سمیت صحت کارڈز اور اطلاعات تک رسائی (آر ٹی آئی) کے بل پر بھی بریفنگ دی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں