شراب برآمدگی کا معاملہ، آئی جی سندھ نے تحقیقاتی کمیٹی بنا دی

کل سیاہ دن تھا، عمران خان نے نئی پارٹی متعارف کرائی، پی ٹی آئی عوامی جماعت نہیں رہی: شرجیل میمن

کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کے کمرے سے شراب ملنے کے معاملے پر انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) سندھ امجد جاوید سلیمی نے تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی۔

ذرائع کے مطابق قائم کی گئی کمیٹی کی سربراہی ڈی آئی جی ساؤتھ پولیس جاوید اختر کریں گے، کمیٹی میں ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ اورایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ تحقیقاتی کمیٹی ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کرے گی۔

ہفتے کے روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کلفٹن میں واقع ضیاء الدین اسپتال کا ہنگامی دورہ کیا جہاں زیر علاج سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی 3 بوتلیں ملیں جس کے بعد چیف جسٹس کے حکم پر شرجیل میمن کو سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے شرجیل میمن کے خلاف منشیات کا مقدمہ تھانہ بوٹ بیسن میں درج کیا جبکہ اسپتال سے گرفتار ہونے والے شرجیل میمن کے دونوں ملازمین کو تھانہ بوٹ بیسن منتقل کیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید ناصر حسین شاہ نے دعویٰ کیا کہ ضیاء الدین اسپتال میں شرجیل انعام میمن کے کمرے سے ملنے والی بوتلوں میں شراب نہیں بلکہ شہد اور زیتون کا تیل تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس شرجیل میمن کا میڈیکل چیک اپ کرالیں اور ساتھ ساتھ اسپتال کے کچن سے ملنے والی بوتلوں کا بھی لیباٹری ٹیسٹ کرا لیا جائے تو حقائق سب سامنے آجائیں گے۔


متعلقہ خبریں