گورنر پنجاب 5 ستمبر کو حلف اٹھائیں گے

پاکستان کیلئے مشکل وقت ہے، دو سال کیلئے قرضوں اور سود کی ادائیگی مؤخر کی جائے، چودھری سرور

فوٹو: فائل


لاہور: برسراقتدار جماعت پاکستان تحریک انصاف کے نامزد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور 5 ستمبر کو حلف اٹھائیں گے۔

چوہدری سرور 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں بطور سینیٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ صدارتی انتخاب کے بعد نامزد گورنر پنجاب اپنا استعفیٰ سینیٹ میں جمع کرائیں گے۔

چیف جسٹس پنجاب ہائی کورٹ نامزد گورنر سے حلف لیں گے۔ تقریب حلف برداری میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔

حکمران جماعت نے اگست میں چوہدری سرور کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔

چوہدری محمد سرور پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے دور حکومت میں 2013 سے 2015  تک بطور گورنر پنجاب خدمات انجام دے چکے ہیں، انہیں جولائی 2013 میں اس وقت کے صدر آصف علی زرداری  نے گورنر پنجاب نامزد کیا تھا۔

15 اگست کو سابق گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کے استعفے کے بعد یہ سرکاری عہدہ خالی ہوا تھا۔ قبل ازیں گورنر پنجاب کی حلف برداری کے لیے 28 اگست کی تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن نہ معلوم وجوہات کی بنیاد پر تقریب منسوخ کردی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں