ہمارا نعرہ ’’ آرام حرام ‘‘ ہے، شیخ رشید احمد

’’آرام حرام ہے‘‘ شیخ رشید | urduhumnews.wpengine.com

راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہمارا نعرہ ’’ آرام حرام ‘‘ ہے اور ہم ٹرین کی پٹری کے دونوں اطراف لاکھوں درخت لگائیں گے جس کے لیے 28 نرسریاں تیار ہورہی ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ’’ پلانٹ فار پاکستان ‘‘ کے تحت راولپنڈی میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ شجر کاری مہم کے دوران شہر بھر میں 5 ہزار سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔

شجرکاری مہم میں محکمہ جنگلات، پنجاب ہاؤسنگ اتھارٹی (پی ایچ اے)، ریسکیو، سول ڈیفنس اور مختلف تعلیمی اداروں سمیت 12 محکمے حصہ لے رہے ہیں۔

شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک بھر میں ٹرین کی پٹری کے دونوں اطراف درخت لگائے جائیں گے جس کے لیے 28 نرسریاں تیار ہورہی ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہر ڈویژن میں 4 نرسریاں بنائی جائیں گی اور ابتدائی طور پر ملکوال، جہلم اور راولپنڈی میں نرسریاں قائم کی جاری ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے پورے ملک میں 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ملک میں بہت بڑا ٹمبر مافیا ہے جو بڑے پیمانے پر جنگلات کی کٹائی میں ملوث ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان ہری پور میں پودا لگا کر باقاعدہ ’’ 10 ارب درخت ‘‘ نامی مہم کا آغاز کریں گے۔

اتوار کے روز پاکستان کے مختلف شہروں میں 15 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ اس شجر کاری مہم میں سرکاری محکمے، افواج پاکستان، غیر سرکاری تنظیمیں، طلبا اور شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔


متعلقہ خبریں