اپوزیشن کا کوئی اتحاد نہیں، قمر زمان کائرہ

فضل الرحمان پر آرٹیکل چھ لگائیں تاکہ معلوم ہو کہ زد میں کون کون آتا ہے؟ کائرہ

فائل فوٹو


لاہور: پاکستان پیپلپز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں میں کوئی اتحاد نہیں ہے ہم صرف دھاندلی کے معاملے پر اکٹھے ہوئے تھے۔

لاہور میں قمر زمان کائرہ نے خورشید شاہ اور پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے متفقہ صدارتی امیدوار کے لیے کوشش کی لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ایسے امیدوار کو نامزد کیا جس نے ساری زندگی آمریت کا مقابلہ کیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر نے کہا کہ اعتزازاحسن نے مشکلات کے باوجود اپنا سیاسی سفر جاری رکھا اور ہم سب کا اتفاق ہے کہ ان سے بہتر کوئی صدارتی امیدوار نہیں ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہمارے صدارتی امیدوار کی ساری زندگی آمروں کے خلاف جدوجہد میں گزری ہے اور اعتزازاحسن سخت مشکلات میں بھی کھڑے رہے ہیں۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ ہمارا خیال تھا دیگر جماعتیں بھی اعتزاز احسن کی حمایت کریں گے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہو سکا۔ ہم تو ووٹ مانگنے کے لیے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملنے جیل جانے کو بھی تیار تھے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پیپلزپارٹی کی بات مان کر اپنا نام صدارتی انتخاب سے واپس لے لیں گے۔ پی پی رہنما نے توقع ظاہر کی کہ مسلم لیگ نون بھی اعتزاز احسن کی حمایت کرے گی۔

پیپلزپارٹی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ مولانافضل الرحمان دستبردار ہو گئے تو اعتزاز احسن صدر پاکستان ہوں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ آئین میں صدر کے پاس زیادہ طاقت نہیں لیکن وہاں اعتزاز احسن کا ہونا بہتر ہو گا۔


متعلقہ خبریں