گرین پاکستان مہم میں آج 15 لاکھ پودے لگائے جارہے ہیں، فواد چوہدری

نوازشریف، مریم کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ گرین پاکستان مہم میں آج 15 لاکھ پودے لگائے جارہے ہیں۔

گرین پاکستان مہم میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پودا لگایا۔

اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں جنگلات کو شدید نقصان پہنچا ہے، اس وقت ہمارے ملک میں پودے ختم ہوتے جا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ خیبرپختونخوا ( کے پی ) میں گزشتہ 5 سال تحریک انصاف کی حکومت نے بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا تھا، اب ہمارا آئندہ 5 سال میں 10 ارب پودے لگانے کا ہدف ہے جس کا افتتاح باقاعدہ طور پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ماحولیات اور پودوں کے حوالے سے وژن بہت واضح ہے، پاکستان میں کوئی اور سیاسی جماعت یا سیاستدان ماحول کو بہتر کرنے کی بات نہیں کرتا۔ تحریک انصاف کے منشور میں ہی عمران خان نے ماحولیات کی آگاہی کے حوالے سے واضح ہدایت دے رکھی ہے۔

فواد چوہدری نے پودا لگانے کے بعد عزم ظاہر کیا کہ پودے لگانے سے 5 سال بعد پاکستان کا ماحول بہت مختلف ہو گا اور عوام کو بہت بہتر ماحول ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس شجرکاری مہم میں صرف سرکاری لوگ نہیں بلکہ عوام بھی بھرپور تعاون کر رہی ہے، پودے لگانے میں اسکولوں کے بچوں سے لے کر اکابرین بھی پیش پیش ہیں۔


متعلقہ خبریں