پی ٹی آئی فاروق لغاری کا دور لانا چاہتی ہے،نثار کھوڑو

پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، نثار کھوڑو|humnews.pk

حیدرآباد: پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف 18 ویں آئینی ترمیم کو اوور رول کرنا اور فاروق لغاری کا حکومتی دور لانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا اٹھارویں آئینی ترمیم میں ردوبدل کے متعلق بیان آیا ہے۔

پارٹی اجلاس کی صدارت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت اکثریت نہ رکھنے کے باوجود وفاقی حکومت بن چکی یے.

انہوں نے کہا کہ حکومت سازی میں جہاز اڑے اور پیسوں کے تھیلے بھی بانٹے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح حکومت بنی  اس سے عمران خان نے اپنی سیاست پر دھبہ لگا لیا ہے۔

اجلاس میں پارٹی کارکردگی اورحالیہ انتخابات میں کی جانے والی کوتاہیوں کا جائزہ لیا گیا۔ سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ  وفاقی حکومت کا جو اس وقت مائنڈ سیٹ سامنے آیا ہے اس سے لگتا ہے کہ وہ صوبائی خود مختیاری کے بھی خلاف ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کو پارلیمانی سیاست اورجمہوریت پر یقین رکھنے والی پارٹی قرار دیتے ہوئے نثار کھوڑو نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان غربت مٹانے کی باتیں کرتے رہے ہیں لیکن ان ہی کے دور این ایف سی کو نظر انداز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سو دن کے ایجنڈے میں این ایف سی ایوارڈ کا ذکر تک نہیں ہے اور بروقت این ایف سی ایوارڈ نہ دینے سے صوبوں میں دباؤ بڑھتا ہے۔

نثار کھوڑو نے واضح کیا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا دیا ہوا پیسہ ہی صوبوں کو واپس ملتا ہے۔


متعلقہ خبریں