اداکار نہ ہوتا تو ڈائریکٹر یا پروڈیوسر ہوتا، اداکار آغا علی


اسلام آباد: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے مقبول اور خوبرو اداکار آغا علی کا کہنا ہے کہ ان کی ترجیحات میں میوزک پہلے اوراداکاری بعد میں آتی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام کور پیج میں خصوصی انٹرویو کے دوران آغا علی کا کہنا تھا کہ اگر میں اداکار نہ ہوتا تو ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور یا پھر نغمہ نگار  ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلے ہی نغمہ نگار ہوں لیکن اداکاری نہیں کرتا تو اسی جیسے کسی شعبے میں ہوتا۔

اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری میں بھی بے پناہ مقبولیت سمیٹنے والے آغا علی کا کہنا ہے کہ مجھے ڈراموں سے زیادہ فلموں میں کام کرنا پسند ہے۔

آغا علی کا کہنا تھا کہ اپنے مداحوں سے رابطے میں رہنے کے لیے انسٹاگرام کو فیس بک پر ترجیح دیتا ہوں۔

میزبان عیشا نور سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں سارہ خان ان کی پسندیدہ اداکارہ ہیں جو ان کی اہلیہ بھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سارہ سے ان کی ملاقات ایک مارننگ شو کے دوران ہوئی جہاں دیگر بہت سی لڑکیوں کے ساتھ سارہ اپنی سادگی کی وجہ سے نمایاں تھیں۔

آغا علی کا کہنا تھا کہ سارہ خان کے علاوہ ماہرہ خان بھی ان کو بہت پسند ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مالدیپ چھٹیاں گزارنے کے لیے ان کی پسندیدہ جگہ ہے اور پاکستان میں وہ لاہور میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ اپنے پسندیدہ مشروب کے بارے میں انہوں نے کہ وہ چائے کے بجائے جوس پینا پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ مارننگ شوز میں جانا پسند کرتے ہیں کیونکہ ان کا ٹائم بھی فکس ہوتا ہے اور وہاں کھل کر لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے غصہ تب آتا ہے جب کوئی جھوٹ بولے۔ میں سچ بولنے والے اور مخلص لوگوں سے متاثر ہوتا ہوں۔

آغا علی نے انکشاف کیا کہ انہیں اکیلے رہنے سے ڈر لگتا ہے۔

آغا علی خان کون ہیں؟

خوبرو ادکار آغا علی خان نے اداکاری کا آغاز 19 سال کی عمر میں تھیٹر ڈراموں سے کیا، جہاں انہیں گانوں اور اداکاری کی وجہ سے کافی شہرت ملی۔

آغا علی معروف اداکار آغا سکندر کے چھوٹے صاحبزادے ہیں۔ انہوں نے نے شوبز کرئیر کا باقاعدہ آغاز 2005 میں ڈرامہ “یاد پیا کی آئی رے ” سے کیا اور 2008 میں ڈرامہ سترنگی میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے 2006 میں ایک ٹی وی چینل میں پروگرام کی میزبانی کی جس کے بعد انہیں سال 2006 کے بہترین میزبان کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

ان کے کچھ بہترین ڈراموں میں  کمی رہ گئی، ہلکی سی خلش، شہر یاراں، بے ایمان محبت، محرم، خدا دیکھ رہا ہے، کس سے کہوں، انداز ستم، بے انتہا اور بے دردی سیاں شامل ہیں۔

آغا علی آج کل بند کھڑکیاں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔


متعلقہ خبریں