لاہور میں 10 اہم شاہراوں پر اسپیڈ چیکنگ ریڈار نصب


لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بڑھتے ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لیے سیف سٹی اتھارٹی نے 10 اہم شاہراہوں پر اسپیڈ چیکنگ ریڈار نصب کر دیے ہیں، اس اقدام کے بعد ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کو چالان اب گھروں پر بھجوائے جائیں گے۔

ہم نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق حالیہ پیش رفت کے بعد تیز رفتار گاڑی چلانے والے اب ٹریفک اہلکاروں سے بچ بھی گئے تو چالان سے نہیں بچ سکیں گے۔ سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے مختلف شاہراہوں پر نصب کردہ اسپیڈ چیکنگ ریڈار تیز رفتاری گاڑی کی فوری شناخت کریں گے اور پھر شاہراہوں پر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے گھروں پر چالان ارسال کیے جائیں گے۔

مال روڈ، فیروز پور روڈ، مین بلیوارڈ اور بیکو روڈ سمیت لاہور کی 10 اہم سڑکوں پر یہ اسپیڈ چیکنگ ریڈار نصب کیے گئے ہیں جس سے متعلق شہریوں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

سیف سٹی اتھارٹی کا نصب کردہ ریڈار سسٹم ایل ٹی وی (چھوٹی گاڑیاں) ڈرائیور کے لیے 60 اور ایچ ٹی وی (بڑی گاڑیاں) ڈرائیوروں کی جانب سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے گاڑی چلانے پر حرکت میں آیا کرے گا۔

حکومتی ادارے کا کہنا ہے کہ راڈار سسٹم سے شہریوں کی آگاہی کے لیے سڑکوں پر بل بورڈز اور ایل سی ڈیز بھی لگا دی گئی ہیں جس کے بعد کوئی فرد قانون سے لاعلمی کا اظہار نہیں کر سکے گا۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر اکبر ناصر کا کہنا ہے کہ مقررہ حد رفتار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے چالان سسٹم مکمل کر لیا گیا ہے تاہم اس پر عمل درآمد حکومتی منظوری کے بعد ہی کیا جائے گا۔

نئے نظام کی تنصیب کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے پر چالان کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا ہو گا، کوئی سفارش اور رشوت قانون توڑنے والوں کو چھپا نہیں سکے گی۔

پاکستان کے کسی بھی شہر میں پہلی بار نصب کیے گئے نظام سے وابستہ حکام کو امید ہے کہ اس سے سڑکوں پر حادثات کی شرح پر خاصی کم ہو سکے گی۔


متعلقہ خبریں