کراچی میں کانگو وائرس دوبارہ سر اٹھانے لگا

کراچی میں کانگو وائرس ایک بار پھر سر اٹھانے لگا | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایک بار پھر کانگو وائرس سر اٹھانے لگا ہے جس کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کانگو وائرس کے مزید دو کیس رجسٹرڈ کیے گئے ہیں۔

کانگو وائرس سے متاثرہ ناظم آباد کی رہائشی 22 سالہ امینہ کراچی کے جناح اسپتال میں زیرعلاج ہے جب کہ کانگو وائرس کا شکار ایک اور شخص جاں بحق  ہو گیا ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق عید کے بعد اسپتال میں کانگو کے تصدیق شدہ چار مریض لائے جا چکے ہیں۔

دو کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کراچی کے دیگر اسپتالوں میں بھی عید کے بعد کانگو کے تین مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

رواں برس کراچی میں سات اور ملک بھر میں مجموعی طور پر نو افراد کانگو وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ کراچی کے علاوہ کانگو وائرس کا ایک مریض پشاور اور ایک بلوچستان میں جاں بحق ہوا ہے۔

کانگو وائرس اس وقت دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے، کانگو نامی کیڑا مویشیوں کی جلد پر پایا جاتا ہے، یہ اپنے شکار کا خون چوستا ہے جو مہلک ثابت ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق اگر کسی انسان کو یہ کیڑا کاٹ لے یا اس سے متاثرہ جانور ذبح کرتے ہوئے انسان کو زخم لگ جائے تو اس بیماری کا شکار ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

کانگو وائرس سے متاثرہ انسان کے پھیپھڑے، جگر اور گردے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو جاتی ہے۔


متعلقہ خبریں