میدانی اور بالائی علاقوں میں بارش کا امکان


اسلام آباد: آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے میدانی اور بالائی علاقوں سیمت اسلام آباد، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژنوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے اکثر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جب کہ میدانی اور بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بارش کا بھی امکان ہے۔

اتوار کے روز اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور حبس میں کمی واقع ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بنوں، ڈی آئی خان، ژوب ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

موسم کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ پیر کے روز پنجاب کے میدانی علاقوں راولپنڈی، لاہور، گوجرانولہ اور سرگودھا میں بھی باران رحمت برس سکتی ہے۔

گزشتہ شب اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ تیز بارش سے مری اور گردونواح میں موسم ٹھنڈا ہوگیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش ایبٹ آباد 22، کوہاٹ، سیدو شریف پانچ، چراٹ دو، لاہور دس، مری چھ، گوجرانوالہ دو، بارکھان سات، خضدار اور راولاکوٹ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ تربت، سبی، نور پور تھل، بھکر، دادو اور ڈی آئی خان ملک کے گرم ترین مقامات رہے۔


متعلقہ خبریں