امریکہ رقم نہیں دے گا تو مدد کس سے لے گا، رحمٰن ملک



اسلام آباد: سابق وزیرداخلہ رحمٰن ملک نے کہا ہے کہ امریکہ  ہمارے کولیشن سپورٹ فنڈز کے پیسے روک رہا ہے جو ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان اور اس کے عوام کے خلاف غیر قانونی اقدام ہے۔

صورتحال پر امریکی قیادت کو متنبہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کل کو ان (امریکہ) کی مدد کون کرے گا۔

’ہم نیوز‘ کے پروگرام ’ایجنڈا پاکستان‘ میں میزبان عامر ضیاء سے گفتگو کرتے ہوئے رحمٰن ملک نے کہا کہ امریکہ کولیشن سپورٹ فنڈ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہماری لاجسٹک سپورٹ کے بدلے ملنے والی رقم روک رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں امریکہ کی جانب سے روکے گئے 30 کروڑ ڈالر امداد نہیں بلکہ وہ رقم ہے جو ہم نے لاجسٹک سپورٹ کے عوض امریکہ سے لینی ہے۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ روکے گئے 30 کروڑ ڈالر ہمارے بل ہیں جن کی تصدیق امریکہ کی جانب سے کی جا چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے ہمیں تین بار دھوکہ دیا ہے پاکستان نے ضیاء الحق دور میں جنگ میں حصہ لیا۔ دوسری بار افغان جنگ اور تیسری بار بڈا بیر کا ہوائی اڈا دینے کے بعد بھی ہمیں دھوکہ دیا گیا۔

رحمٰن ملک نے کہا کہ ٹرمپ پاکستان کے بارے میں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی بات مانتے ہیں، وہ خود اپنے ملک میں ہی خطرہ کا شکار ہیں۔

’ایجنڈا پاکستان‘ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی حالت سابق پاکستانی وزیراعظم جیسی ہو چکی ہے، امریکہ اورپاکستان کی سیاست میں کوئی فرق نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ ہمیشہ ملکی سربراہ سے بات کرتے ہیں لیکن جب ہمارے وزیراعظم نے حلف اٹھایا تو امریکی سیکرٹیری اسٹیٹ نے بات کی، میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو بھی بات کرنے سے انکار کردینا چاہیے تھا۔


متعلقہ خبریں