مضبوط اپوزیشن ضروری ہے،سینیٹرفیصل جاوید


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ اچھی حکومت کے لیے مضبوط اپوزیشن کا ہونا ضروری ہے تا کہ جہاں حکومت کچھ غلط کرے اپوزیشن اس کی نشاندہی کرے اورجہاں حکومت کوئی اچھا کام کرے تو اس کا ساتھ دے۔

ہم نیوز چینل کے پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں میزبان ثمر عباس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین بلدیاتی نظام کے پی کا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ اس بھی زیادہ اچھا اور بہتر بلدیاتی نظام پنجاب اورسندھ میں لانا چاہتے ہیں۔

پروگرام میں شریک پاکستان مسلم لیگ (ن)  کے رہنما مصدق ملک نے کہا کہ جیتے گا وہی جو لوگوں  کی مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہار جیت کے علاوہ جمہوری عمل بھی بہت ضروری ہے۔

پی ایم ایل (ن) کے رہنما نے کہا کہ یہ ذہنیت غلط ہے کہ جہاں سے پاکستان مسلم لیگ (ن) جیتی ہے وہاں کا سارا نظام ہی الٹا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جس جگہ پارٹی ہار جائے وہاں کے نظام کی تبدیلی کی بات کرنا نہ صرف غلط ہے بلکہ جمہوریت ک منافی بھی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مصدق ملک نے کہا کہ جو شخص جمہوری ذہن کا نہ ہو اسے صرف طاقت چاہیے ہوتی ہے اور لگتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو بھی صرف کرسی چاہیے تھی۔

پاکستان پیپلز پاڑٹی کے رہنما سینیٹرعاجز دھامرا نے بات چیت میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی ادارے اسمبلی کے بنائے ہوئے قوانین کے تحت کام کر رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے ان کا سوال تھا کہ وہ تحریک انصآف کی کون کون سی ’ادا‘ پر اعتبار کریں؟ انہوں نے صورتحال کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی اکثریت نہ تو سینیٹ میں ہے اورنہ ہی اسے قومی اسمبلی میں واضح برتری حاصل ہے اس لیے اس کو بڑی پارلیمانی پارٹیوں سے بات لازمی کرنا پڑے گی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر عاجز دھامرا نے وعدہ کیا کہ ملک کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے پی ٹی آئی کے ہر کام میں اس کا ساتھ دیں گے۔


متعلقہ خبریں