امریکہ میں کنسرٹ کے دوران فائرنگ

فوٹو: فائل


واشنگٹن: امریکہ میں کنسرٹ کا ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے ایک شخص نے کنسرٹ کے شرکاء پر فائرنگ کر دی تاہم واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم پر فائرنگ کی جس سے ملزم زخمی ہوگیا۔ بعد ازاں ملزم کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق حملہ آور 22 سالہ نوجوان کنسرٹ دیکھنے پہنچا تو کنسرٹ کے ٹکٹ ختم ہو چکے تھے جس کی وجہ سے اُسے شرکت کی اجازت نہیں ملی۔ کنسرٹ میں شریک نہ ہوسکنے کی وجہ سے نوجوان کو غصہ آگیا اور اُس نے اپنی بندوق نکال کر فائرنگ کر دی۔

نوجوان کی فائرنگ سے بھگڈر مچ گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کنسرٹ کے شرکاء نے بھاگ کر اپنی جان بچائی اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

معاشرتی امور کے ماہرین اور اعدادوشمار واضح کرتے ہیں کہ امریکہ میں پر تشدد واقعات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے جس کی اہم وجہ عدم برداشت میں اضافہ کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ خود امریکی انتظامیہ بھی اس صورتحال سے پریشان نظر آتی ہے تاہم اسے قابو کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔

اگست کی نو تاریخ کو 24 گھنٹے کے دوران مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے 43 واقعات رپورٹ ہوئے تھے جس میں 16 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہوگئے تھے۔ فائرنگ کے زیادہ تر واقعات کیلی فورنیا اور جارجیا میں پیش آئے تھے۔

گن وائیلنس آرکائیو (اسلحہ سے تشدد) کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں سالانہ کئی ہزار لوگ ہلاک اور زخمی ہو جاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں