اسرائیل کی ایرانی اہداف کو نشانہ بنانے کی نئی دھمکی


یروشلم: یہودی ریاست اسرائیل نے شام کے بعد عراق سمیت مشرق وسطیٰ کے دیگر خطوں میں بھی ایرانی اہداف کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لیبر مین نے اپنے حالیہ انٹرویو میں شام کے بعد مشرق وسطیٰ کے دیگر علاقوں میں بھی ایرانی اہداف کو نشانہ بنانے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایرانی خطرے سے متعلق شام کی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

آوی گیڈور لیبر مین نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اب ہم شام تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ جہاں بھی ایران سے خطرہ محسوس ہوا، کارروائی کریں گے۔

لیبر مین نے دوسرے ملکوں کی سرحدوں کی خلاف ورزی کو صحیح مانتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنی آزادی کی خاطر کسی بھی قسم کی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔

اسرائیل اس سے پہلے بھی شام میں ایرانی اہداف پر فضائی حملے کر چکا ہے۔ 

اسرائیلی وزیر دفاع ماضی میں عرب رہنماؤں سے اپنے اچھے تعلقات کا دعوی کر چکے ہیں تاہم اس وقت عرب ممالک میں صرف مصر اور اردن کےاسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم ہیں۔ اسرائیلی دعویٰ کے مطابق کئی عرب ممالک کے تل ابیب کے ساتھ خفیہ تعلقات ہیں۔


متعلقہ خبریں