اپوزیشن اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، فواد چوہدری

فضل الرحمان اپنے کلو گوشت کے لیے بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن ( پی ٹی وی ) سے سنسر شپ ختم کر دی ہے۔

فواد چوہدری نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی نو دنوں میں ہم نے بہت تیزی سے کام کیے ہیں اور ہم جو کام کر رہے ہیں وہ عوام کو نظر آرہے ہیں۔ عمران خان اربوں روپے کی مراعات چھوڑ کر تین کمرے والے گھر میں رہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس رفتار سے عمران خان آگے بڑھ رہے ہیں اس طرح تو گزشتہ 70 سال میں بھی کوئی نہیں بڑھ سکا ہے جب کہ ہماری پوری توجہ 100 دن کے ایجنڈے پر مرکوز ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی انتہائی نفیس آدمی ہیں اور وہ 2001 سے تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ اپوزیشن نے اپنے دو صدارتی امیدوار کیوں کھڑے کیے ہیں تو یہ جمہوریت کا حسن ہے اور ہر پارٹی کو اپنا امیدوار کھڑا کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اقلیت کو ہم اٹھا کر باہر نہیں پھینک سکتے کیونکہ اُن کے بھی حقوق ہیں اور ہمیں اقلیتوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ پاکستان اقلیتوں کا بھی اُتنا ہی ہے جتنا اکثریت کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی حفاظت کرنا حکومت ہی نہیں ہر مسلمان کا فرض ہے جب کہ ہم انتہا پسندوں کے آگے کسی صورت نہیں جھکیں گے۔


متعلقہ خبریں