شام کا بحران: روس،ترکی اور ایران سرجوڑیں گے


ایران: روس، ترکی اورایران کے سربراہان شام کے امور پر غور کرنے کے لیے سات ستمبر کو تہران میں سر جوڑ کربیٹھیں گے۔ سربراہ اجلاس میں روس کے صدر ولادی میر پیوٹن، ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان اور ایران کے صدر حسن روحانی شرکت کریں گے۔

العربیہ نے ماسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ روسی صدر پیوٹن آئندہ جمعہ کو تہران پہنچیں گے جہاں وہ ترکی اورایران کے صدور سے شام کی کشیدہ صورتحال پر بات چیت کریں گے۔

شام میں جاری کشیدگی کو ختم کرانے کے لیے تینوں ممالک مزاکرات کے حامی ہیں لیکن دلچسپ صورتحال یہ ہے کہ روس اورایران بشارالاسد حکومت کے حامی ہیں جب کہ ترکی شام کی اپوزیشن کا حامی تصور کیا جاتا ہے۔

روس، ترکی اورایران کی سرپرستی میں شام کے بعض انتہائی متاثرہ علاقوں میں جو معاہدے ہوئے ہیں ان سے کسی حد تک صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

العربیہ کا ماسکو کے حوالے سے کہنا ہے کہ صدر پیوتن کے دورہ تہران کے دوران شامی پناہ گزینوں کی واپسی، شام میں امن وامان کی صورتحال، دہشت گردی کے خاتمے، شام میں انسانی بحران کے حل اورملک میں سیاسی عمل کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں