ادلب پر حملے میں ہزاروں بے گناہ مارے جاسکتے ہیں،ٹرمپ


واشنگٹن: امریکی  صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ادلب پر حملہ کیا گیا تو اس کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ شہری مارے جا سکتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ شام کی استبدادی حکومت اور بشارالاسد کا جنگی جنون ادلب میں ہزاروں بے گناہ شہریوں کی موت کا سبب بن سکتا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ بشارالاسد اور ان کا حلیف روس ادلب میں بے مقصد اور بے ترتیب فوج کشی سے باز رہیں۔

امریکی صدر نے واضح کیا کہ ادلب پر حملہ کرکے بشارالاسد، ایران اور روس بہت بڑی غلطی کریں گے جس کے انتہائی خطرناک اور بھیانک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ میں امریکی مندوب بھارتی نژاد نکی ہیلی نے بھی اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ سب کی آنکھیں ادلب پر ہیں
کہ روس، ایران اور شامی حکومتیں وہاں کیا کارروائی کرتی ہیں ؟

امریکہ نے شامی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ ادلب میں کیمیائی ہتھیار استعمال کیے جائیں گے۔

اقوام متحدہ نے شام میں اتحادی افواج کی ادلب پر حملے کی تیاری پر کہا ہے کہ اس حملے میں بڑے پیمانے پر عام شہریوں کے جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔ اقوام متحدہ نے زور دیا ہے کہ اس کے سدباب کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

ایران کے  وزیر خارجہ جواد ظریف نے ادلب کو دہشت گردوں سے پاک و صاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں