ن لیگ اور پیپلز پارٹی دو مخالف جماعتیں ہیں، قمر زمان کائرہ

آصف زرداری پر عمران خان کے الزامات کا عدلیہ از خود نوٹس لے، کائرہ کی اپیل

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی صرف دھاندلی کے نعرے پر اکٹھی ہوئی تھیں ان دونوں جماعتوں کے درمیان کوئی باقاعدہ اتحاد نہیں ہوا تھا۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شاہ زیب سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کا نام بہت پہلے ہی تجویز کر دیا تھا مگر ن لیگ اپنی ضد پر اڑی رہی۔

قمر زمان کائرہ نے واضح کیا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کی مخالف جماعتیں تھیں اور رہیں گی، دونوں جماعتوں میں کوئی انتخابی اتحاد نہیں ہوا، یہ الگ الگ الیکشن لڑ کر اسمبلی میں آئی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی جہاں ضرورت ہوئی دونوں جماعتیں مل کر کام کریں گی۔

مولانا فضل الرحمان کو ثالث بنانے کے سوال پر رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نے مولانا صاحب کو ثالث بنا کر ن لیگ کے پاس بھیجا تا کہ انہیں کسی ایک نام  پر راضی کیا جا سکے مگر وہ خود امیدوار بن کر واپس آ گئے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی اس حرکت سے صورتحال مزید بگڑی ، اگر وہ امیدوار بن کر آ ہی گئے تھے تو کم از کم پیپلزپارٹی کو اطلاع ہی کر دیتے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا رویہ اس سارے معاملے میں نا مناسب رہا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے میڈیا پر بھی تنقید کی اور کہا کہ مسلم لیگ ن اپنی ہٹ دھرمی کی وجہ سے اعتزاز احسن کا نام قبول کرنے پر راضی نہیں تھی مگر میڈیا نے پیپلزپارٹی پر ہٹ دھرمی کا الزام دھر دیا۔


متعلقہ خبریں