پشاور میں طلباء کے ساتھ فولنگ کے نام پرہتک آمیز سلوک


پشاور: پشاور کے کالجز میں نئے آنے والے طلبہ کے ساتھ فولنگ کے نام پر ہتک آمیز سلوک کیا جارہا ہے جس کے ایک ویڈیو بھی سامنے آگئی۔

پشاور میں نیا تعلیمی سال شروع ہوتے ہی کالجز میں نئے آنے والے طلبہ کی شامت آگئی۔ شہر کے ایک معروف کالج کے سینئر طلبہ نے کالج میں نئے آنے والے طلبہ کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کیا تو واقعہ کے مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سینئر طلبہ کس طرح سینئر طلبہ ایک نئے طالبعلم کو توہین آمیز رویہ کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

ویڈیو کے مناظر میں واضح ہے کہ نئے طلبہ کی ٹائیاں زبردستی ان کے گلے سے اتار کر اُن کے سر پر باندھی گئی اور لپ اسٹک لگائی گئیں۔ پہلے سے تعلیمی ادارے میں موجود طلبہ کے جہالت آمیز رویہ کا نشانہ بننے پر کچھ طلبہ نے مزاحمت کی اور کچھ بے بسی کی تصویر بنے نظر آئے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر زیرگردش مناظر کے مطابق کالج کے سینئرز طلبہ نے اس وقت تو حد ہی کر دی جب جونیئرز کے گلے میں جوتوں کے ہار ڈال کر اُنہیں گلیوں میں گھمایا گیا۔

نمائندہ ہم نیوز نے جب اس معاملے پر کالج انتظامیہ سے رابطہ کیا تو اُنہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ابھی تک کوئی شکایت نہیں ملی ہے تاہم جوں ہی شکایات ملیں گی تو تحقیقات کی جائیں گی۔


متعلقہ خبریں