بھارت کے ساتھ میچ میں پریشر ہوتا ہے، فخر زمان

بھارت کے ساتھ میچ میں پریشر ہوتا ہے، فخر زمان | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فخرزمان نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ میں دیگر مقابلوں کی نسبت ذیادہ دباؤ ہوتا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ کون اس پریشر کا فائدہ اٹھائے گا۔

لاہور میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دبئی میں اتنے میچ کھیل چکے ہیں کہ وہ اب ہوم گراؤنڈ ہی لگتا ہے۔ فخرزمان نے کہا کہ میرا ٹارگٹ ہے کہ بڑی سے بڑی اننگز کھیلوں اور قومی ٹیم ہر مقابلے میں کامیاب ہو۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور میں جاری ٹریننگ کیمپ میں تمام کھلاڑیوں کے لیے یکساں شیڈول ہے اور فٹنس پر بھرپور توجہ دی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایشیا کپ میں کامیابی کی بھرپور کوشش کریں گے۔

ایشیا کرکٹ کپ کے لیے ٹیم میں شامل فخر زمان نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ امام الحق کے ساتھ ان کی اچھی انڈر اسٹینڈنگ ہے جو میچ میں کام آئے گی۔

فخر زمان کو ایشیا کرکٹ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 16 کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔ 15 ستمبر کو شروع ہونے والے کرکٹ ایونٹ میں سرفراز احمد قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے لیے جن کھلاڑیوں کو منتخب کیا ہے ان میں کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، فخر زمان، بابر اعظم، شاداب خان، امام الحق، شان مسعود، آصف علی، حارث سہیل، محمد نواز، حسن علی، عثمان شنواری، جنید خان ، شاہین آفریدی  اور محمد عامر شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں