اب کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہو گا، فیصل واوڈا


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پہلے اپنے لوگوں کا احتساب کرے گی۔

 ہم نیوز کے پروگرام ’نیوزلائن‘ میں ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وہ خود بھی کچھ غلط کریں گے تو اس کا بھی احتساب ہو گا کیونکہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے۔

فیصل واوڈا نے بتایا کہ بابراعوان ایک پرانے سیاستدان ہیں اور انہوں نے استعفیٰ دے کر ایک اچھا قدم اٹھایا ہے۔ ڈی پی او پاک پتن کیس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس کیس پر سپریم کورٹ کا نوٹس لینا ایک خوشی کی بات ہے۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے 22 سال کرپشن کے خلاف جدہ جہد کی ہے، اب ملک میں کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما شائستہ پرویز نے کہا کہ یہ ایک بڑا سوال ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے سربراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے کیوں آئے۔

انہوں نے بتایا کہ سڑکوں پر روٹ لگے ہونے کی وجہ سے وہ آج اسٹوڈیو میں نہیں پہنچ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں بھی وہی سب کام ہو رہا ہے جس کی تحریک انصاف پہلے مخالفت کرتی رہی ہے۔


متعلقہ خبریں