ہمارا منشور پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے، فواد چوہدری


اسلام آباد: فواد چوہدری نے کہا کہ بحیثیت ریاست ہم تیسری دنیا کے ممالک سے بہت آگے ہیں۔ ہمارا منشور پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے جس پر ہم عمل کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری نے سی پی این ای کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آتے ہی اپنے منشور پر کام شروع کرتے ہوئے  سرکاری ٹی وی سے سنسر شپ ختم کی اور پورے ملک میں 15 لاکھ درخت لگائے۔ 

جمعرات کے روز اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کرے گا تو ہم بھی ترقی کریں گے، ہمیں 28 ہزار کروڑ روپے کے قرضے ورثہ میں ملے ہیں۔

فواد چوہدری نے میڈیا کی آزادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی آزادی ریاست کے لیے انتہائی ضروری ہے جب کہ میڈیا کے حوالے سے کوئی قانون سازی صحافتی تنظیموں کی مشاورت کے بغیر نہیں ہوگی۔ 

انہوں نے کہا کہ میڈیا اور اپوزیشن کے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں ہے۔ نئے سیٹلائٹ نظام سے میڈیا میں انقلاب آرہا ہے اور ٹیکنالوجی میں ترقی کی وجہ سے میڈیا میں بھی تیزی سے تبدیلیاں رونما ہوں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کا ایک دوسرے پر انحصار ہے جب کہ مستقبل کے جدید دور میں سنسر شپ حکومت کے ہاتھ میں نہیں رہے گی تاہم ریگولیٹری ادارے بنانے کا مقصد سنسرشپ ہر گز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اشتہارات کی تقسیم کے لیے فارمولا وضع کیا جائے گا جب کہ اشتہارات کی تقسیم کا فارمولا بھی صحافتی تنظیموں نے بنا کر دینا ہے تاہم ماضی میں زیادہ اشتہارات دیے گئے لیکن اب درمیانی راستہ نکالا جائے گا۔


متعلقہ خبریں