عمران خان کی بابر اعوان کے استعفی دینے پر تعریف


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بابر اعوان کے مستعفی ہونے کے فیصلے نے پاکستان تحریک انصاف کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

وزیراعظم سیکرٹریٹ میں سینئر قانون دان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ بابر اعوان کا ضمیر صاف ہے، ان جیسے لوگ پارٹی کا اثاثہ ہیں، پاکستان نے قومی وقار کے ساتھ نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔

 بابر اعوان نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی ہی نئے پاکستان کی بنیاد ہے، قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، امیر اور غریب پر یکساں قانون کا نفاذ یقینی ہو گا۔

 ملاقات میں دونوں رہنماوں کے مابین آئینی، قانونی، اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومت کے 100 روزہ منصوبے میں قانونی اصلاحات اور عوام دوست اقدامات پر مشاورت بھی کی گئی۔

اس سے قبل نندی پور پراجیکٹ کے حوالے سے نیب ریفرنس میں اپنا نام آنے پر بابر اعوان نے مشیر برائے وزارت پارلیمانی امور سے استعفی دے دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اس مقدمے سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔


متعلقہ خبریں