درآمدہ اشیاء خوردونوش میں ممنوعہ اجزاء کے استعمال کی تصدیق


لاہور: جیلی کے معروف غیر ملکی برانڈ چوپا چپس میں ممنوع قرار دیے گئے غذائی رنگ (فوڈ کلر) کارمین ای 120 کے استعمال کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے تمام مال مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی  کیپٹن(ر) محمد عثمان  کا کہنا ہے کہ کارمین نامی ای 120 فوڈ کلر کے کسی بھی پراڈکٹ میں استعمال پر پاکستان میں مکمل پابندی ہے۔ چوپا چپس جیلی سمیت ای 120 فوڈ کلر والی تمام مصنوعات کو فوری طور پر مارکیٹ سے ہٹا دیا جائے۔ 

ہم نیوز کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے احکامات کے بعد آپریشن ٹیموں نے اسکول کینٹینوں اور اسٹورز سے جیلی اٹھانے کے لیے اپنی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق لاہور زون سے اب تک 154 کارٹن، شمالی زون سے 28 اور جنوبی زون سے 14 کارٹن جیلی اٹھائی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ای 120 کارمین کے استعمال پر پابندی کے حوالے سے تمام انڈسٹری کو بذریعہ اشتہار بھی مطلع کیا جا ئے گا۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان نے درآمدکنندگان کو ہدایات دی ہیں کہ ای 120 فوڈ کلر سے بنی کوئی بھی پراڈکٹ درآمد نہ کریں۔ آئندہ ای 120(کارمین) سے بنی مصنوعات بیچنے والے دکانداروں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


متعلقہ خبریں