پی ایم ایس ایس کشمیر میری ٹائم سیکیورٹی بیڑے میں شامل



کراچی: بحری جہاز پی ایم ایس ایس کشمیر کو ملکی سمندری حدود کی حفاظت کرنے والے بحری بیڑے میں شامل کرلیا گیا ہے۔

نئے جہاز کی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے بحری بیڑے میں شمولیت کے موقع پر کراچی ڈاکیارڈ میں ایک تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے شپ کا نام کشمیر رکھا ہے، پیٹرول شپ کا نام کشمیر رکھنا جدوجہد آزادی کو خراج پیش کرنا ہے۔

سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تناظر میں سمندری سیکیورٹی کی اہمیت بڑھ گئی ہے، اس بحری جہاز کی شمولیت سے پاکستان کو سمندری حدود کی بہتر نگرانی میں مدد ملے گی۔

پاکستان کے دوست ملک چین کی مدد سے تیار کیا گیا 94 میٹر لمبا بحری جہاز 15 سو 50 ٹن وزنی اور سمندر میں26 ناٹیکل میل فی گھنٹے کی رفتار سے سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق پی ایم ایس ایس کشمیر بھرپور دفاعی صلاحیتوں جدید آلات اور دفاعی سازوسامان سے لیس ہے۔

 


متعلقہ خبریں