سعودی وزیر اطلاعات پاکستان کے دورے پر پہنچ گئے


اسلام آباد: سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد خصوصی طیارے پر پاکستان کے دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

سعودی وزیراطلاعات کے ساتھ سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی، سعودی وزیر اطلاعات کے مشیر صدر مرکز اسلامی ابلاغیات فہیم بن حامد الحامد بھی شامل ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے نور خان ایئر بیس پر وفد کا استقبال کیا ہے۔ نئی حکومت کی آمد کے بعد سعودی عرب سے اعلی سطح کا یہ پہلا دورہ ہے۔

سعودی وف کی آمد کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے اطلاعات میں ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے اموراور اطلاعات و ثقافت کے شعبوں پر بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر سعودی وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان کا اسلامی ممالک میں اپنا ایک مقام ہے، پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر تعلقات کو بہتر اور مضبوط بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مثالی ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات تمام شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔

چوہدری فواد نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مذہبی اور بھائی چارے کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

گذشتہ دنوں وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا تھا کہ سعودی عرب بہت جلد پاکستان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔

انہوں نے یہ بات سعودی نائب وزیر تجارت کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے بعد کہی۔

سعودی عرب کے اہم جریدے کے مطابق سعودی عرب کے سفیرنے کہا کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان میں پٹرو کیمیکل اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔


متعلقہ خبریں