کرتار پور بارڈر کھل گیا، سدھو خوشی سے نہال



دہلی: سابق بھارتی کرکٹر اور کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ ایک  کروڑ الفاظ بھی وزیراعظم عمران خان کا شکریہ کرنے کے لئے ناکافی ہیں۔

انہوں نے یہ بات ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی جو پاکستان حکومت کی جانب سے کرتار پور صاحب بارڈر کھولنے کے اعلان پر کی گئی۔

سدھونے کہا کہ پاکستان گرونانک کی پانچ سو پچاسویں سالگرہ پر کرتارپورصاحب راستہ کھولنے کو تیار ہے، پنجاب کے لوگوں کے لیے اس سے زیادہ خوشی کی بات نہیں ہو سکتی۔ 

مخالفین کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذہب پر سیاست کرنا درست عمل نہیں، وزیراعظم عمران خان کے جذبہ خیر سگالی پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔

سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان سے متعلق بھارتی حکومت کی پالیسی میں کبھی مداخلت نہیں کی،  لیکن سشما سوراج سے درخواست کرتے ہیں کہ پاکستان ایک قدم چلا ہے تو بھارت کو بھی قدم بڑھانا چاہیے۔

18 اگست کو عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں سدھو نے پاکستان سے سکھ یاتریوں کو براہ راست گوردوار تک رسائی دینے کی درخواست کی تھی جس پر پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے انہیں راستہ کھولنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔


متعلقہ خبریں