حکومتیں بھیک مانگنے سے نہیں چلتیں، مشاہد اللہ خان

حکومتیں بھیک مانگنے سے نہیں چلتیں، مشاہد اللہ خان

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مشاہد اللہ خان نے کہا کہ حکومتیں بھیک مانگنے سے نہیں چلتیں، موجودہ حکومت کو کچھ کر کے دکھانا ہو گا۔

ہم نیوز کے پروگرام ’’نیوز لائن‘‘ میں ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران خان ڈیمز کے لیے عوام سے چندہ مانگ رہا ہے، ن لیگ نے کبھی عوام سے نہیں مانگا بلکہ کما کر دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات میں ووٹ فروخت کرنے کے الزام میں جن 20 ممبران صوبائی اسمبلی کو پارٹی سے نکالا تھا ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی اور نہ ہی کسی سے پیسے واپس لیے گئے۔

مسلم لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے ہی طے کیے ہوئے اصولوں پر عمل نہیں کرتی۔  میرٹ کی بات کرتے رہے مگر کوئی فیصلہ میرٹ پر نہیں کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تو احتساب کمیشن ہی ختم کر دیا گیا ہے، احتساب سے بھاگنے والے ہی سب سے زیادہ کرپٹ ہوتے ہیں، اسحاق ڈار کو بھی واپس آ کر احتساب کا سامنا کرنا چاہیے۔ 

مشاہد اللہ خان نے کہا کہ کل تک پی ٹی آئی ہمارے اوپرآئین کی مذہبی شقوں میں تبدیلی کا الزام لگا رہی تھی اور آج خود غیرمسلموں کو اپنا مشیر لگا رہی ہے۔ عمران خان کی باتوں اور عمل میں بہت فرق ہوتا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی پر طنز کے تیر برساتے ہوئے ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ بنیادی طور پر آصف علی زرداری سیاسی آدمی نہیں ہیں، سیاست تو محترمہ بینظیر بھٹو کرتی تھیں۔


متعلقہ خبریں