قذافی اسٹیڈیم میں سرفراز الیون اور شعیب ملک الیون مد مقابل


لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں جاری پریکٹس میچ میں سرفراز الیون نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ دونوں ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا پریکٹس میچ 50 اوورز پر مشتمل ہے۔ 

ہم نیوز کے مطابق تربیتی کیمپ کے پانچویں روز بھی کھلاڑیوں کا پریکٹس میچ جاری ہے جس میں سرفراز الیون اور شعیب ملک الیون مدمقابل ہیں۔ 

 ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ میں شامل 16 کھلاڑی پریکٹس میچ میں حصہ لے رہے ہیں۔ 

متحدہ عرب امارات میں 15 ستمبر سے شیڈول کیے گئے ایشیا کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی تیاریاں زوروں پر ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام لگایا گیا تربیتی کیمپ قذافی اسٹیڈیم میں جاری ہے۔ 

اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم نے 27 سے 31 اگست تک ایبٹ آباد میں واقع آرمی اسکول میں فٹنس ٹریننگ میں حصہ لیا تھا۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، ٹیم کی کپتانی سرفراز احمد کریں گے جب کہ دیگر اسکواڈ میں فہیم اشرف، سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، شعیب ملک، محمد حفیظ، آصف علی، بابر اعظم، شاداب خان، حارث سہیل، محمد نواز، حسن علی، عثمان خان شنواری، عماد وسیم، جنید خان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہو جانے والے محمد حفیظ اور عماد وسیم اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ 

ایشیا کپ 

ایشیا کپ 2018 میں مجموعی طور پر چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان ، بھارت اور ہانگ کانگ جب کے گروپ بی میں سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ 

ایشیا کپ کا سب سے اہم مقابلہ پاکستان اور بھارت کے مابین دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں 19  ستمبر کو کھیلا جائے گا، ایشیا کپ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔


متعلقہ خبریں