بلوچستان کابینہ میں مزید دو وزراء کا اضافہ

بلوچستان کابینہ میں مزید دو وزراء کا اضافہ | urduhumnews.wpengine.com

کوئٹہ: بلوچستان کابینہ میں دو نئے وزراء نے حلف اٹھا لیا جس کے بعد صوبائی کابینہ میں وزراء کی مجموعی تعداد 12 ہوگئی ہے۔ سردار عبد الرحمان کھیتران اور اسد بلوچ کو نئے وزراء کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

قائم مقام گورنر اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان عوامی پارٹی کے سردار عبد الرحمان کھیتران اور بلوچ نیشنل پارٹی عوامی کے اسد بلوچ سے حلف لیا۔ دونوں وزراء کو جلد قلمدان بھی سونپ دیئے جائیں گے۔

مزید برآں بلوچستان کابینہ کی وزارتوں میں تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔ وزیر قانون و پارلیمانی امور سردار محمد صالح بھوتانی کو عہدے سے ہٹا کر وزیر بلدیات و دیہی ترقی مقرر کردیا گیا ہے جب کہ وزیر برائے سیاحت و ثقافت سردار سرفراز چاکر ڈومکی کو عہدے سے ہٹا کر لیبر و افرادی قوت کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

بلوچستان کی ابتدائی کابینہ میں دس وزراء نے حلف اٹھایا تھا جن میں نور محمد دومڑ، میر نصیب اللہ مری، سلیم کھوسہ، عارف حسنی، طارق مگسی، زمرک اچکزئی، سردار صالح بھوتانی، ضیاء اللہ لانگو، ظہور بلیدی اور سردار چاکر ڈومکی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو بلوچستان کابینہ میں مزید ایک وزارت اور مشیر کا عہدہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی قیادت کی حکومت سے ناراضگی برقرار ہے اور پی ٹی آئی نے وزارت اور مشیر کا عہدہ فی الحال لینے سے معذرت کرلی ہے۔


متعلقہ خبریں