پاکستان دہشت گردی کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیتا، شاہ محمود


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردی کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیتا، چین نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا ہے۔ 

شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وانگ ژی پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں اور چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں چینی ورکرز کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی اور دونوں ملکوں میں تجارت کو بڑھایا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی معاشی و سیاسی ترقی کے لیے اہم ہے اور اس منصوبے سے معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔

پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وانگ ژی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ، وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے۔ 

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا تھا چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا، پاکستان چین کا قابل اعتماد دوست ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ میں نئی حکومت کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے آیا ہوں، پاکستان اور چین کی دوستی کو مضبوط کریں گے جب کہ اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان کو چین کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ 


متعلقہ خبریں