اسلام آباد: تجاوزات کے خلاف آپریشن کل تک ملتوی


 

 

اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کا تجاوزات کے خلاف آپریشن 10 گھنٹے جاری رہنے کے بعد کل صبح تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

آپریشن کشمیر ہائی وے کے اطراف میں سیکٹر ایچ 13، جی 13 اور جی 12 میں کیا گیا جس میں شادی ہال، ہوٹلز، ہاسٹلز سمیت 12 سے زائد عمارتیں مسمار کر دی گئیں۔

آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، وفاقی پولیس، ایلیٹ فورس اور اسپیشل برانچ کے اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ آپریشن کی نگرانی ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے خوشحال خان نے کی۔

آپریشن کے دوران مزاحمت کرنے والے 20 کے قریب افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔

اس سے قبل وزیر اطلاعات فواد چوھدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت نے تجاوزات کے خلاف حتمی آپریشن شروع کر دیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ زمین واگزار کرانے کے بعد قابضین کے خلاف کارروائی کریں گے، ان کے خلاف نوٹسز کے بعد کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور آپریشن سے پہلے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور دیگر شہروں میں بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی ہو گی اورمحرم الحرام سے پہلے آپریشن مکمل کر لیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کا دوسرا مرحلہ محرم کے بعد شروع  کیا جائے گا، ملک کو چلانے کیلئے قانون کی حکمرانی یقینی بنانا پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ڈیم بنانے کے لیے پیسے مانگ رہی ہے اور یہاں لوگ اربوں کی جائیداد پر قابض ہیں۔


متعلقہ خبریں