پشاور میٹرو کا سریا اور دیگر سامان چوری ہونے کا انکشاف


پشاور: خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت کے تحت پشاور میں جاری بس ریپڈ (بی آر ٹی) منصوبے کا سریا اور دیگر سامان چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں سریہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

پشاور پولیس کو بی آر ٹی منصوبے میں استعمال ہونے والے سامان کی چوری کی اطلاع ملی تو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان پر مشتمل گروہ کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق تینوں ملزمان بی آر ٹی منصوبے کا سامان مختلف مقامات سے چوری کرنے میں ملوث ہیں جس کی مالیت تقریباً اڑھائی کروڑ روپے ہے۔

پشاور پولیس نے بی آر ٹی منصوبے کی سیکیورٹی سنبھالنے سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جب منصوبہ مکمل ہوگا اس کے بعد ہی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ 

صوبائی حکومت نے پشاور کے نواحی علاقے چمکنی سے حیات آباد تک 26 کلو میٹر کا طویل بی آر ٹی کا منصوبہ 57 ارب روپے کی لاگت سے اکتوبر 2017 میں شروع کیا تھا جسے چھ سے آٹھ ماہ میں مکمل ہونا تھا لیکن تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔

منصوبہ میں تاخیر کے باعث اب اس کی لاگت 67 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ قومی احتساب بیورو( نیب) کی جانب سے منصوبہ کے متعلق شکایات کا جائزہ لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بی آر ٹی منصوبے کے لیے چین سے بسیں خریدنے کا معاہدہ بھی کیا گیا ہے جس پر سات ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ 

 


متعلقہ خبریں