اسلام آباد میں منی میراتھن ریس کا انقعاد



اسلام آباد: وائلڈ لائف انتظامیہ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منی میراتھن ریس کا انقعاد کیا گیا جس کا مقصد صحت مند زندگی، صاف ماحول اور شجرکاری سے متعلق آگاہی دینا تھا۔ 

ہم نیوز کے مطابق منی ریس میں خواتین، مرد، بزرگوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ میراتھن کا راستہ اسلام آباد کے چڑیا گھر سے شروع ہو کر دامن کوہ ویو پوائنٹ اور پھر چڑیا گھر تک تھا۔ 

چار کلو میٹر ٹریک پر مشتمل اس ریس کا آغاز 60 سالہ افراد نے کیا جس کے دو منٹ کے وقفے کے بعد نوجوانوں اور خواتین کو ریس شروع کرنے دی گئی۔ ریس میں غیر ملکی خواتین اور بچوں نے بھی حصہ لیا۔ 

ریس میں شریک خاتون ایمان شکیل کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے جسم صحت مند رہتا ہے اور روزانہ ورزش بھی ہوتی ہے۔

شہری ماجد جاوید کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس طرح کی سرگرمیوں کو سپورٹ کرنا چاہیے اور زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جانے چاہیئں تاکہ جسمانی صحت برقرار رہے۔ 

غیر ملکی شہریوں نے میراتھن ریس کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ایک اچھا تجربہ تھا۔ میراتھن ریس میں شریک افراد کی آسانی کے لیے اسلام آباد پولیس نے دامن کوہ کی طرف جانے والی سڑک کو کچھ دیر تک بند کیے رکھا۔


متعلقہ خبریں