گورنر سندھ:ایک سال کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان


کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنی ایک سال کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو درپیش چیلنجوں میں سے ایک بڑا مسئلہ پانی ہے جس کا حل نکالنا بہت ضروری ہے کیونکہ پانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ اس حوالے سے باقاعدہ کام کیا جائےاور اس مسئلے کا حل نکالنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی کے مسئلے کا حل ڈیموں کی تعمیر میں مضمر ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے خبردار کیا کہ اگر درست وقت پر پانی کی کمی کے مسئلے پر غور وفکر نہ کیا گیا تو وہ وقت دورنہیں جب پانی کے ایک قطرے کا حصول بھی مشکل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شدید آبی قلت پیدا ہونے سے قبل ڈیموں کی تعمیر نہایت ضروری ہے اور اس بارے میں حکومت کی جانب سے منصوبہ بندی کا آغاز کردیا گیا ہے کیونکہ ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

گورنے سندھ نے دعویٰ کیا کہ اس سے پہلے کسی نے ڈیموں کی تعمیر پر کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی اورنہ مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھائے لیکن موجودہ حکومت خاطرخواہ اقدامات کررہی ہے۔

پاکستان میں ڈیموں کی تعمیر کے لیے سب سے پہلے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اس ضمن میں قدم اٹھایا اورانہوں نے باقاعدہ ایک اکاؤنٹ کھلوایا۔ 

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھی گزشتہ دنوں قوم سے اپیل کی کہ وہ ڈیموں کی تعمیر یقینی بنانے کے لیے دل کھول کر چندہ دیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان اوروزیراعظم پاکستان کی اپیلوں پر قوم کی جانب سے خاطرخواہ ردعمل سامنے آرہا ہے اور لوگ دل کھول کر ڈیموں کی تعمیر کے لیے مختص فنڈز میں چندہ جمع کرارہے ہیں۔ 


متعلقہ خبریں