حکومت نے بھیک کو قومی پالیسی بنا لیا ہے، مریم اورنگزیب

نئی حکومت ہمارے وژن کی فوٹو کاپیوں پر چل رہی ہے، مریم اورنگزیب|humnews.pk

لاہور: سابق وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب  نے کہا ہے کہ 100 دن میں ملکی تقدیر بدلنے کے دعوے کرنے والے ہمارے وژن 2025 کی فوٹو کاپیوں پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان معیشت کی بہتری کے نعرے لگاتے ہیں لیکن بھیک کو قومی پالیسی بنا لیا ہے۔

یہ بات انہوں نے وفاقی حکومت کے میڈیا اسٹراٹیجی اجلاس کی خبر پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا کہ عمران خان کنٹینر والی انتقامی سوچ اور تخریبی وژن سے آگے سوچنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے ہیں اور نا ہی ملک کے لیے کچھ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو جو خواب دکھایا وہ بھیانک تعبیر بن کر سامنے آرہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ میڈیا اسٹراٹیجی اجلاس میں حکومت نے اپنی نااہلی چھپانے کے لیے حکمتِ عملی تیار کرلی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنے یو ٹرن اور جھوٹ کو مزید فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے میڈیا اجلاس میں پشاور میٹرو کے کھڈوں کی 80 ارب کی کرپشن چھپانے کی میڈیا اسٹراٹیجی تیار کی۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں وفاقی حکومت نے اپنی 20 دن کی مضحکہ خیز کارکردگی پر شرمندگی چھپانے کی میڈیا پالیسی بھی تیار کی- انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتےہوئے کہا کہ عمران خان! میڈیا اسٹراٹیجی صرف کنٹینر پر کام آتی ہے لیکن  وزیراعظم کو کرسی پہ بیٹھ کر کام کرنا پڑتا ہے۔

مریم اورنگزیب کا دعویٰ تھا کہ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ کے دور میں وفاق اور پنجاب حکومت کی تاریخی توانائی کی پیداوار، موٹروے کا جال، دہشت گردی میں کمی اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کو متنازعہ بنانے کی میڈیا اسٹراٹیجی تیار کی گئی۔

سابق وفاقی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام میڈیا اسٹراٹیجی کا نہیں سو دن کی اسٹراٹیجی کا انتظار کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں