ایشیا کپ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم آج روانہ ہوگی


لاہور:  کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ 2018 کے لئے آج  متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہو گی۔

قومی ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ کو کل نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جمع ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں سے ٹیم پیر کی شب ایمرٹس کی پرواز ای کے 623  سے یو اے ای کے لیے پرواز کر جائے گی۔

متحدہ عرب امارات میں 15 سے 28 ستمبر تک ایشیا کپ کے مقابلے ہوں گے جن میں پاکستان اور انڈیا سمیت 6 ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ 

ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا 19 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی دو ماہ طویل دورہ انگلینڈ کے بعد آرام کی غرض سے ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیں گے، ان کی جگہ اوپننگ بلے باز روہت شرما ٹیم کی قیادت کریں گے۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیم کو سینئر کھلاڑی محمد حفیظ اور عماد وسیم کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، دونوں کھلاڑی ٹیم کے اعلان سے قبل فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہوگئے تھے۔ 

قومی ٹیم میں فخر زمان، شعیب ملک، محمد عامر، شاداب خان، امام الحق، بابر اعظم ،شان مسعود، آصف علی، حارث سہیل، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، جیند خان، عثمان شنواری اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔ 


متعلقہ خبریں