خفیہ کیمروں کے ذریعہ خواتین کو بلیک میل کرنے والا بیوٹی پارلر سیل


سکھر: سندھ کے دوسرے بڑے شہر سکھر کے مشن روڈ پر واقع بیوٹی پارلر کے مالک کو خواتین کو بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار کرتے ہوئے اس کی دکان سیل کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق مشن روڈ پر واقع قائم سونیا بیوٹی پارلر کے مالک کامران مغل نے بیوٹی پارلر کے واش رومز میں خفیہ کیمرے نصب کر رکھے تھے جن سے وہ پارلر میں آنے والی خواتین کو بلیک میل کرتا تھا۔ 

ملزم خواتین کی برہنہ ویڈیو بناتا اور پھر اُنہیں بلیک میل کرتا تھا۔ ایک متاثرہ خاتون نے حقائق سے پردہ اُٹھایا اور پولیس کو آگاہ کیا تو سکھر پولیس نے بیوٹی پارلر میں چھاپہ مار کر بیوٹی پارلر کے واش روم میں لگے خفیہ کیمرے برآمد کر لیے۔ 

پارلر سے خفیہ کیمرے برآمد ہونے پر پولیس نے ملزم کامران کو گرفتار کر کے بیوٹی پارلر کو سیل کر دیا۔

ملزم کامران مغل کو پولیس نے سکھر کی مقامی عدالت میں پیش کیا، جسے عدالت نے چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ 

سی آئی اے انچارج عبدالحفیظ چاچڑ نے ہم نیوز کو بتایا کہ ملزم کامران نے گھناؤنا کام کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جس کے بعد ملزم کے خلاف سرکار کی مدعیت میں جنسی حراساں کرنے اور منشیات برآمد کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس حوالات میں موجود ملزم کامران مغل نے ہم نیوز سے گفتگو میں اعتراف کیا کہ وہ شرمناک کام میں ملوث رہا ہے اور اس پر پشیمان ہے۔

اس سے قبل پنجاب کے بڑے شہروں میں سے ایک ملتان میں معروف برانڈ کے اسٹور میں چینجنگ روم میں خفیہ کیمرے نصب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔ پولیس نے معاملہ کھلنے پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹور مینیجر کو گرفتار کر لیا تھا۔


متعلقہ خبریں