ڈی جی محکمہ موسمیات کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ


اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کے لیے درخواست دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے 14 ستمبر سے مزید کام جاری رکھنے سے معذرت کرتے ہوئے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ اُن کی مدت ملازمت آئندہ برس پوری ہونی تھی جس کے تحت اُنہیں 14 ستمبر 2019 کو ریٹائر ہونا تھا۔ 

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ڈاکٹر غلام رسول کے ریٹائرمنٹ کی سمری موصول ہو گئی ہے جس میں مزید کام جاری رکھنے سے معذرت کی گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اُن کی درخواست قبول کر لی ہے اور آئندہ ایک سے دو روز میں ڈاکٹر غلام رسول کی ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر غلام رسول ریٹائرمنٹ کے بعد بین الاقوامی ادارے میں خدمات سرانجام دیں گے۔

نئے ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات کے لیے تین ناموں پر غور کیا جا رہا ہے جن میں حضرت میر، محمد ریاض اور ڈاکٹر حینف شامل ہیں تاہم ان میں سے کسی کی بھی تقرری وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد ہی ہو گی۔

ڈاکٹر غلام رسول نے 31 سال قبل بحیثیت میٹرالوجسٹ محکمہ موسمیات میں گریڈ 17 میں ملازمت اختیار کی تھی اور دو جون 2015 کو انہیں محکمہ موسمیات پاکستان کا ڈائریکٹر جنرل بنایا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں