’بلوچستان سے پسماندگی کا خاتمہ چینی ترجیحات میں شامل‘


اسلام آباد: چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا ہے کہ بلوچستان سے پسماندگی کا خاتمہ اور وہاں کی تعمیر و ترقی چین کی تر جیحات میں شامل ہے۔

چین کے سفیر یاؤ جنگ نے یہ بات ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین بھائی ہیں اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والے اسٹرٹیجک شراکت دار ہیں۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان خطے کی تر قی اور خوشحالی کا مشترکہ ویژن رکھتے ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین مثالی دوستی ہے جو ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ پاک چین تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔

قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ پورے خطے کے لیے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، اس منصوبے سے خطے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

ڈپٹی اسپیکر نے بتایا کہ موجودہ حکومت ملک سے غربت، ناخواندگی اور بے روز گاری کے خاتمے کے لیے تر جیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے اور حکومت کو اپنا ایجنڈہ مکمل کرنے کے لیے چین جیسے بااعتماد اور مخلص دوست ممالک کا تعاون درکار ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں