عمران خان کی ثابت قدمی نے انہیں وزیراعظم بنایا، صداقت عباسی


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کو لوگوں نے ہمیشہ تنقید کا نشانہ بنایا ہے لیکن وہ اپنے عزم سے کبھی پیچھے نہیں رہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹونائیٹ‘ میں میزبان ثمر عباس سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ثابت قدم رہنے کی عادت نے ہی عمران خان کو ملک کا ایک بے مثال کرکٹر اور بعد میں وزیراعظم بنایا۔ جب نواز شریف جیل گئے تو عوام ان کے لیے باہر نہیں نکلے۔

صداقت عباسی کا کہنا تھا کہ جس حالت میں مسلم لیگ (ن) والے ملک کو چھوڑ گئے ہیں اس نے نئی حکومت کر چندہ مانگنے پر مجبور کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دو سال تک چار انتخابی حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا مگر کسی نے ہماری ایک نہیں سنی، ہم نے دھاندلی کے خلاف بہت جدوجہد کی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو چاہیے کہ اپنے فیصلوں سے مکرنے سے بہتر ہے کہ سوچ بچار کے بعد فیصلوں کا اعلان کیا جائے۔

 پروگرام میں شریک پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے قوم کو  100 دن کا جو منصوبہ دیا تھا اس میں چندہ اکٹھا کرنے کا کہیں ذکر نہیں تھا، قوم کو کیا معلوم تھا کہ لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بڑوں نے بھی یہی سکھایا ہے ’’پہلے تولو پھر بولو‘‘ ، یہ بات پی ٹی آئی کے تمام وزرا کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ فواد چوہدری ایک اچھے میڈیا پرسن ہیں مگر کبھی کبھار پارٹی اور خود اپنے آپ کو مشکل میں ڈال دیتے ہیں۔


متعلقہ خبریں