کریم نے سوڈان میں آن لائن ٹیکسی سروس شروع کر دی

کریم نے سوڈان میں آن لائن ٹیکسی سروس شروع کردی


خرطوم: بین الاقوامی آن لائن ٹیکسی سروس کریم نے اب افریقی ملک سوڈان میں بھی اپنی سروسز کا آغاز کردیا ہے۔

سفری سہولت  کی ابتدا اتوار9 ستمبر سے ہوئی، پہلے مرحلے میں سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے شہریوں کے لیے آن لائن ٹیکسی کی سہولت میسر ہو گی۔

اس موقع پر کمپنی کے چیف ایگزیکیوٹیو آفیسر (سی ای او  ) مدثر شیخ  کا کہنا تھا کہ کریم کا ہمہ پہلو مقصد نا صرف صارفین کی زندگی میں آسانی پیدا کرنا ہے بلکہ ایک ایسے ادارے کا قیام ہے جس سے لوگوں کو جذبہ حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کمپنی سوڈان جیسے ترقی پذیر ملک کے لوگوں اور معیشت کی بحالی میں ایک اہم کردار ادا کرنے کی خواہاں ہے۔

مدثر شیخ کا کہنا تھا کہ اب سوڈان کے شہری اپنے موبائل فونز کی مدد سے باآسانی سستی اور آرام دہ سواری کا انتخاب کر سکتے ہیں، اس سے نا صرف ہمارے صارفین کے لیے آسانی پیدا ہوگی بلکہ ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

” ہم آج خرطوم میں اپنی سروسز کے آغاز پر بہت خوش ہیں، امید ہے کہ کریم ٹیکسی سروس کی آمد سے ملک کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بہتری آئے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ خرطوم ہمارا پہلا پڑاؤ ہے، جلد ہی کریم سروسز کو ملک کے دیگر شہروں میں پھیلانے کے لیے پر امید ہیں۔”

اس موقع پر بات کرتے ہوئے کریم کے ایمرجنگ مارکٹس مینیجنگ ڈائریکٹر ابراہیم منا کا کہنا تھا کہ ہماری کمپنی سوڈان میں محفوظ سفر کے نئے معیار متعارف کرائے گی۔ کسٹمرز کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور اسی لیے کریم اپنے کپتانوں کا انتخاب پہت زیادہ چھان بین کے بعد کرتا ہے تاکہ اپنے صارفین کے پر سکون اور بحفاظت سفر کو یقینی بنایا جاسکے۔

مصر سے شروع ہونے والی ملٹی نیشنل سفری سہولیات فراہم کرنے والی سروس نے خطے میں 21 جولائی 2012 میں متحدہ عرب امارات سے کام کا آغاز کیا اور صرف 6 سال کے قلیل عرصے میں 13 ممالک کے 80  سے زائد شہروں میں اپنی سروسز کو پھیلانے میں کامیاب ہوا۔ سوڈان کریم کی سفری سہولتیں فراہم کرنے والا 14واں ملک ہے۔


متعلقہ خبریں