ملک کے بیشتر حصوں میں بارش، چار جاں بحق، سینکڑوں مکان متاثر

ملک کے مختلف مقامات پر بارش، نیلم، تاؤ بٹ، پاراچنار میں برفباری

اسلام آباد: جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا۔ خیبرپختونخوا (کے پی) میں مکانوں کی چھتیں گرنے سے چار افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

پیر کے روز کے پی اور پنجاب کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کے علاقے فقیر بنڑ میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور دو بچے جاں بحق ہوگئے جب کے واقعے میں ایک بچی شدید زخمی بھی ہوئی جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ 

چارسدہ روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے دو سالہ بچہ جاں بحق جب کہ تین سالہ بچی شدید زخمی ہوگئی۔ مالا کنڈ روڈ پر بھی مکان کی چھت گرنے سے 22 سالہ خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ 

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی گزشتہ شب تیز آندھی اور بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا جب کہ شہر کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ راولپنڈی کے مری روڈ پر چاندنی چوک، وارث خان چوک اور دیگر مقامات پر بارش کا پانی کھڑا رہا۔

اٹک اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز آندھی اور بارش کے باعث بجلی بھی منقطع ہوئی جب کہ کوہاٹ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مظفرآباد میں سب سے زیادہ 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ گڑھی دوپٹہ میں 17 ملی میٹر، استور میں نو ملی میٹر، دیر میں سات ملی میٹر، بالاکوٹ میں چار ملی میٹر،  بالاکوٹ اور اسلام آباد میں چار ملی میٹر، قصور میں تین ملی میٹر اور کوہاٹ میں دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ 

پیر کے روز دالبندین اور نوکنڈی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ دادو میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ گرمی ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں