پنجاب کابینہ کے مزید دس وزراء بدھ کو حلف اٹھائیں گے


لاہور: پنجاب کابینہ کے مزید دس وزراء بدھ کے روز اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نئے وزراء سے حلف لیں گے۔ 

پنجاب کابینہ میں شامل ہونے والے مزید دس وزراء کی تقریب حلف برداری بدھ کے روز دوپہر ایک بجے گورنر ہاؤس لاہور میں ہو گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کابینہ میں چار مشیر اور پانچ معاونین خصوصی کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔

پنجاب کابینہ میں شامل ہونے والوں میں سید سعید الحسن شاہ، مہر محمد اسلم بھروانہ سید حسنین جہانیاں گردیزی، محمد اجمل اور محمد اخلاق وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے جب کہ آشفہ ریاض اور شوکت لالیکا بھی کابینہ کا حصہ بنیں گے۔ 

پنجاب کابینہ میں دس نئے وزراء کی شمولیت کے بعد کابینہ میں وزراء کی تعداد 33 ہو جائے گی۔ 

اس سے قبل پنجاب کی 23 رکنی کابینہ نے 27 اگست کو قائم مقام گورنر چوہدری پرویز الہیٰ سے حلف لیا تھا۔ 

تحریک انصاف کی حکومت میں تشکیل پانے والی پنجاب کابینہ میں کئی پرانے وزرا بھی شامل ہیں جن میں سے آٹھ ایسے ہیں جو 2002 سے 2007 تک سابق صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف کے دور میں بھی اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ موجودہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی بھی مشرف دور میں وزیراعلیٰ پنجاب رہ چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں