وفاقی کابینہ کے مزید 6 وزراء نے حلف اٹھا لیا


اسلام آباد: تحریک انصاف حکومت کی وفاقی کابینہ میں مزید چھ وزراء کو شامل کر لیا گیا ہے، نئے وزراء اور وزرائے مملکت سے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے حلف لیا۔ 

وفاقی کابینہ میں مزید چھ وزراء کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی۔ نئے حلف اٹھانے والے وزراء کے قلمدان کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ 

حلف اٹھانے والے وزراء میں مراد سعید، محمد شبیر علی، حماد اظہر، عمر ایوب، علی محمد خان اور علی زیدی شامل ہیں۔ 

موجودہ وفاقی کابینہ 16 وفاقی وزرا اور ایک وزیر مملکت پر مشتمل ہے جب کہ اس میں چار مشیر اور تین وزیراعظم کے معاون خصوصی ہیں۔ وزیر اعظم کے مشیر پرائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے نیب کی جانب سے نندی پور اسکینڈل میں اپنے خلاف ریفرنس دائر ہونے کے بعد کابینہ سے استعفی دے دیا تھا۔

حالیہ اضافہ کے بعد وفاقی کابینہ میں شامل وزراء، وزرائے مملکت، مشیروں اور معاونین خصوصی کی تعداد بڑھ کر 30 ہو گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے حکومتی اخراجات بچانے اور حکمرانی میں سادگی کو فروغ دینے کو اپنی ترجیح بنانے کا اعلان کیا تھا، یہ بھی کہا گیا تھا کہ عمران خان اپنی کابینہ کو مختصر رکھیں گے۔

موجودہ کابینہ میں شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ، اسد عمر وزیرخزانہ، شفقت محمود وفاقی تعلیم و قومی ورثہ جب کہ پرویز خٹک وزارتِ دفاع کے پاس دفاع کے قلمدان ہیں۔ وزارت اطلاعات فواد چوہدری اور وزارتِ قانون ایم کیوایم کے فروغ نسیم، شیریں مزاری وزیر انسانی حقوق، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید  وزیر ریلوے، نورالحق قادری کو وزارتِ مذہبی امور،غلام سرور خان وزیر پٹرولیم، زبیدہ جلال وزیر دفاعی پیداوار، فہمید ہ مرزا وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، عامر کیانی وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز اور طارق بشیر وزیر سیفران ہیں۔

امین اسلم کووزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیات ، معروف صنعت کار عبدالرزاق داوٴد مشیر کامرس جب کہ عشرت حسین مشیر برائے ادارتی اصلاحات مقرر کیے گئے ہیں۔ شہریار آفریدی کے پاس وزیر مملکت برائے داخلہ کا قلمدان ہے۔


متعلقہ خبریں