سمندر پار پاکستانی آئی ووٹنگ کے ذریعے رائے دے سکیں گے


اسلام آباد: پاکستان میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانی آئی ووٹنگ کے ذریعے اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے، اس مقصد کے لیے نائیکوپ کارڈ، ایم آر پی اور پاسپورٹ ہونا لازم قراردیا گیا ہے۔

منگل کے روز ترجمان الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ووٹرز زیادہ سے زیادہ خود کو رجسٹرڈ کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر سمندرپار پاکستانیوں کی رجسٹریشن سے متعلق آگاہی مہم شروع کی جا رہی ہے، رجسٹریشن کا عمل 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔ 

ندیم قاسم کا کہنا تھا کہ آئی ووٹنگ پائلٹ پراجیکٹ ہے۔ اس کی بنیاد پر رپورٹ تیار کر کے پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ نے الیکشن کمیشن کو پابند کیا ہے کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے کردار ادا کرے۔

گزشتہ روز سامنے آنے والی خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ انتخابی کمیشن کو آر ٹی ایس سے متعلق نادرا کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔

ضمنی انتخابات کے لیے قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلی کے 25 حلقوں میں  پولنگ 14 اکتوبر کو ہوگی جس کے لیے سمندر پار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔

الیکشن کمیشن نے سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹوں کی رجسٹریشن شروع کرنے کے لیے یکم ستمبر کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں