نوازشریف کی وطن واپسی سے قبل اہلیہ سے الوداعی گفتگو

نوازشریف کی اہلیہ سے الوداعی گفتگو | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان واپسی سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کی بستر علالت پر موجود اپنی بے ہوش اہلیہ سے آخری گفتگو نے سننے والوں کی آنکھیں نم کر دیں۔

لندن کے ہارلے کلینک کے بستر پر موجود کلثوم نواز سے الوداعی ملاقات کرنے والے سابق وزیر اعظم نے اپنی شریک حیات کو متوجہ کرنا چاہا تو وہ انہیں ’باؤ جی باؤجی ‘ کہہ کر بلاتے رہے۔

مختصر آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ نواز شریف بیہوش کلثوم نواز کو مخاطب کر کے کہتے ہیں کہ ’ ذرا آنکھیں کھولو، کلثوم باؤ جی، کلثوم باؤ جی۔‘ جس کے بعد وہ زندگی بھر ساتھ نبھانے والی وفا کی پیکر کو دعا دیتے ہیں کہ ’اللہ تعالیٰ آپ کو صحت و تندرستی دے۔‘

اس ملاقات کے بعد سابق وزیراعظم اپنی علیل اہلیہ کو ہارلے کلینک کے بستر پر چھوڑ کر پاکستان آئے، جس کے بعد انہیں پہلے سے سنائی گئی سزا کے تحت گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

بیگم کلثوم نواز کو اگست 2017 میں لندن کے ہارلے کلینک لے جایا گیا جہاں انہیں کینسر تشخیص کیا گیا۔ جون 2018 میں دل کا دورہ پڑنے پر انہیں اسی طبی مرکز میں دوبارہ داخل کرایا گیا، جہاں وہ وفات تک زیرعلاج رہیں۔

کلثوم نواز کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے میت کی منتقلی میں دو سے تین روز کا وقت لگ سکتا ہے۔ ہارلے کلینک سے میت کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے کہ جس کے بعد اسے سرد خانے میں رکھا جائے گا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی پے رول پر رہائی کے لیے کاغذات تیار کیے جارہے ہیں تا کہ انہیں بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شریک ہونے کے لیے رہا کیا جاسکے۔

اڈیالہ جیل حکام کے ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ پے رول پر رہائی میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے، جس کے باعث امکان ہے کہ جلد ہی انہیں رہا کردیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں