اعتزاز احسن نے شریف خاندان سے معافی مانگ لی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما بیرسٹراعتزاز احسن نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی مرحومہ اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی بیماری سے متعلق اپنے بیان پر شریف خاندان سے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔

ممتاز قانون دان بیرسٹراعتزاز احسن نے بیگم کلثوم کی علالت اور لندن کے ایک نجی کلینک میں کینسر جیسے مرض کے علاج کے متعلق متنازع بیان دیا تھا۔

ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ بیگم کلثوم نوازکی وفات پر افسردہ ہیں اور ماضی میں ان کے جن الفاظ سے شریف خاندان کی دل آزاری ہوئی ان پر معذرت خواہ ہیں۔

بیرسٹراعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نوازایک غیر متنازعہ، نیک اور پارسا خاتون تھیں۔ انہوں نے کہا کہ  مجھے اظہار تاسف کی پیشکش ہوئی تھی لیکن میں نے ایسا نہیں کیا جس پر افسوس ہے۔

ممتاز قانون دان نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کا انتقال شریف خاندان کابہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لیے بھی ان کی خدمات گراں قدرتھیں۔

بیرسٹراعتزاز احسن نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں جواں مردی سے ڈٹی رہیں۔


متعلقہ خبریں