بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ 13 ستمبر کو ادا کی جائے گی

کلثوم نواز کی نماز جنازہ کا اعلان ہو گیا | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: سابق وزیراعظم  نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں 13 ستمبر کو ادا کی جائے گی۔ ہارلے کلینک سے ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری ہونے کے بعد میت کو ریجنٹ پارک مسجد منتقل کیا گیا تھا۔ 

ہم نیوز کو شریف خاندان کے ذرائع نے بتایا ہے کہ لندن سے پاکستان میت کی منتقلی میں دو سے تین روز کا وقت لگ سکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ شریف خاندان کو قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے شریف خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحومہ انتہائی باوقار خاتون تھیں اورانہوں نے بیماری کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری دعائیں شریف خاندان کے ساتھ ہیں۔

شریف خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تین بار پاکستان کی خاتون اول رہنے والی بیگم کلثوم نواز کی تدفین جاتی امرا میں کی جائے گی تاہم حتمی فیصلہ نواز شریف کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل میں اسیری کاٹنے والے سابق وزیراعظم نوازشریف، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے پے رول پر رہائی سے متعلق فیصلہ کل بروز بدھ ہو سکے گا۔

ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے جمعرات کے روز سے تینوں کا پے رول پیریڈ شروع ہوگا۔

بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر صدر، وزیراعظم،  چیف جسٹس آف پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف سمیت دیگر نے اظہار تعزیت کیا ہے۔


متعلقہ خبریں